news
English

پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو با آسانی ہرادیا

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کا 154 رنزکا آسان ہدف کراچی کنگز کے لیے پہاڑ ثابت ہوا

پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو با آسانی ہرادیا PHOTO: PCB

پی ایس ایل  کے نویں میچ میں پشاور زلمی  نے کراچی کنگز کو 46 رنز سے شکست دے دی۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کا 154 رنزکا آسان ہدف کراچی کنگز کے لیے پہاڑ ثابت ہوا،زلمی کے بولرز  نے ابتدا سے ہی حریف بلے بازوں پر دباؤ بنائے رکھا جس کے نتیجے میں  کنگز کے بیٹسمینوں کے ہاتھ پاؤں پھول گئے ۔

کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر صرف 109 رنز ہی بنا سکی، پشاور زلمی کی طرح کنگز کے 4 پلیئرز بھی صفر پر آؤٹ ہوئے، محمد رضوان نے سب سے زیادہ 32 رنز بنائے جب کہ عماد وسیم نے 26 رنز کی باری کھیلی۔

کامران اکمل صفر، بابر اعظم ایک،ڈرنک 12،انگرم 21،سکندر رضا 14، عامر یامین، محمد عامر اور عمر خان صفر پر آؤٹ ہوئے، عثمان شنواری ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، پولارڈ، وہاب ریاض اور عمید آصف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیتا اور فلیڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے پشاور زلمی کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، کنگز کے بولرز کی نپی تلی بولنگ کی بدولت پشاور زلمی کے بیٹسمین کھل کر شارٹس نہ کھیل سکے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنوانے کے سبب مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 153 رنز ہی بنا سکے۔

اوپنر امام الحق 56 اور ڈاؤسن 43 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ کامران اکمل صفر، عمر امین 15، میڈسن، پولارڈ صفر اور وہاب ریاض بھی صفر پر پویلین لوٹے، کپتان ڈیرن سیمی 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے سکندر رضا اور عثمان شنواری نے 2،2 جب کہ محمد عامر، عامر یامین اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ایونٹ میں دونوں ٹیموں کا  آج  تیسرا میچ تھا،  اس میچ کی کامیابی کے بعد پشاور زلمی نے ایونٹ میں دوسری کامیابی سمیٹی ہے جب کہ کراچی کنگز اب تک ایک میچ جیت سکی ہے اور اسے 2 میچوں میں ناکامی کا سامنا رہا ہے۔