news
English

مصباح الحق نے زلمی کو ’پلے آف‘ میں پہنچا دیا

سیمی اور مصباح الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 100 رنز کی شراکت داری قائم کر کے بازی پلٹ دی اور قلندرز کے منہ سے جیت چھین لی

مصباح الحق نے زلمی کو ’پلے آف‘ میں پہنچا دیا PHOTO: PCB

پی ایس ایل کے 25 ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور مصباح الحق نے میچ وننگ پارٹنر شپ قائم کر کے قلندرز کی امیدوں کو خاک میں ملا دیا اور اپنی ٹیم کو پلے آف میں پہنچا دیا۔

ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں قلندرز کے 125 رنز کے جواب میں زلمی کی آدھی ٹیم 20 رنز پر لوٹ جانے کے بعد سیمی اور مصباح الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 100 رنز کی شراکت داری قائم کر کے بازی پلٹ دی اور قلندرز کے منہ سے جیت چھین لی، زلمی نے مطلوبہ ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک گیند قبل 6 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔

مردِ بحران مصباح الحق نے 55 گیندوں پر 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ سیمی 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کامران اکمل نے 3، امام الحق نے 4، عمر امین  اور ڈاؤسن صفر، صفر اور پولارڈ 2 رنز بنا کر پویلین لوٹے، وہاب ریاض 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

قلندرز کی جانب سے سب سے کامیاب بولر شاہین آفری رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں، راحت علی، وائسے اور ڈوسچتے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے لاہور قلندرز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، زلمی کے بولرز کے سامنے قلندرز کے بیٹسمین بے بس دکھائی دیے اور کوئی بیٹسمین بڑی اننگز نہ کھیل سکا، قلندرز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 124 رنز بنائے جس میں حارث سہیل 43 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

کپتان فخرزمان 11، ڈوسوچ 5،  ڈوسچیتے 2، عمیر مسعود 22 اور شاہین آفریدی 2 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ وائسے 26 اور لامنچنےصفر پر ناٹ آؤٹ رہے، زلمی کی جانب سے ملز نے 3، سمین گل نے 2، ڈاؤسن  اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔