پی ایس ایل فرنچائزز نے فنانشل ماڈل میں تبدیلی کیلیے پی سی بی کیخلاف عدالت سے رجوع کیا ہوا ہے
پی سی بی نے تاحال فرنچائزز کے اعتراضات پر جواب جمع نہیں کرایا جب کہ فرنچائزز کا غصہ ٹھنڈا کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
پی ایس ایل فرنچائزز نے فنانشل ماڈل میں تبدیلی کیلیے پی سی بی کیخلاف عدالت سے رجوع کیا ہوا ہے، ان کے مطابق اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے باوجود انھیں مسلسل گھاٹا ہی ہوا، بورڈ شکایات کا ازالہ کرنے کو تیار نہیں ہے، لاہور ہائیکورٹ نے بدھ کو کرکٹ بورڈ سے جواب طلب کیا ہے، اس نے پیر کو فرنچائزز کے تحفظات کا جواب جمع کرانے کا کہا تھا مگر ایسا نہ ہو سکا، اب منگل کو اس کی توقع ہے، قانون کے تحت سماعت سے پہلے جواب جمع کرانا ضروری ہوتا ہے۔
گذشتہ روز دونوں جانب کے وکلا اپنی حکمت عملی تیار کرتے رہے، فرنچائزز کا غصہ ٹھنڈا کرنے کی کوشش بھی جاری ہے مگر تاحال کامیابی حاصل نہیں ہوئی، گذشتہ دنوں پی ایس ایل کے پروجیکٹ ایگزیکٹیو شعیب نوید نے تمام اونرز سے الگ الگ رابطہ کر کے میٹنگ کیلیے7سے 10 اکتوبر کے درمیان کسی دن دستیابی کا پوچھا ہے۔
ذرائع کے مطابق بعض بااثر حلقے عدالت سے باہر ہی معاملات طے کرانے کیلیے سرگرم ہیں۔ البتہ فرنچائززکاکہنا ہے کہ اگر بورڈ پہلے ہی شکایات کا ازالہ کر دیتا تو معاملات اس نہج تک نہیں پہنچتے، اب عدالت کو ہی فیصلہ کرنے دیں، تمام مالکان نے مل کرہی بورڈ کے خلاف کیس کیا ہے،اس حوالے سے کوئی بھی قدم مشترکہ طور پر ہی اٹھایا جائے گا۔