انھوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ گزشتہ 3 سال سے پی ایس ایل ایک کامیاب ایونٹ کے طور پر پہچان بنا چکا ہے
احسان مانی پی ایس ایل 6کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کیلیے پُر امید ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے ہم تمام ملکوں کے بورڈز سے بات کر رہے ہیں، اے بی ڈی ویلیئرز اور لیوک رونکی سمیت غیر ملکی کرکٹرز پاکستان آنے کو تیار ہیں،ہمیں پوری امید ہے کہ جو بھی کھلاڑی ایک مرتبہ یہاں کھیلنے کیلیے آیا بار بارآنے کی خواہش ظاہر کرے گا۔
انھوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ گزشتہ 3 سال سے پی ایس ایل ایک کامیاب ایونٹ کے طور پر پہچان بنا چکا ہے، گزشتہ ایڈیشن کے5میچز پاکستان میں ہوئے، اس بار8ہوںگے، اگلے سال آدھے میچز ملک میں منعقد کرانا چاہتے ہیں، اگلے2 سال میں پی ایس ایل کے تمام میچزپاکستان میں کرانے کیلیے پُرامید ہیں۔
ایک سوال پرانھوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ میچز میں ٹیم کی کارکردگی سے سب مایوس ہیں، سیریز کے اختتام کے بعد پرفارمنس کا جائزہ لیں گے، سیریز کے دوران کپتان کی تبدیلی کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا۔
احسان مانی نے کہا کہ ملک میں ویمنز کرکٹ کا فروغ ترجیحات میں شامل ہے لیکن نیا ٹیلنٹ سامنے نہیں آ رہا، ہمیں خواتین کرکٹرز کا پول بڑھانا ہوگا۔
بطور اسپورٹس ٹاسک فورس سربراہ بھی کام کرنے والے احسان مانی نے ایک سوال پرکہا کہ رپورٹ حکومت کو پہنچا دی گئی ہے، کسی ملک میں کھیل حکومت کے پیسوں سے نہیں چل سکتے، پی سی بی کی طرح دیگر اسپورٹس فیڈریشنز کو خود فنڈز پیدا کرنا ہونگے، حکومت جو فنڈز دے اس کا حساب ملنا بھی ضروری ہے۔