news
English

شاہین شاہ آفریدی نے عبدالرزاق کا دل بھی جیت لیا

عبدالرزاق نے کہا کہ شاہین شاہ نے وہی کیا جو ان سے کپتان چاہتے تھے

شاہین شاہ آفریدی نے عبدالرزاق کا دل بھی جیت لیا PHOTO: AFP

شاہین شاہ آفریدی نے آسٹریلیا کے خلاف تباہ کن بولنگ سے سابق اسٹار آل راؤنڈر عبدالرزاق کا دل بھی جیت لیا، ان کا کہنا ہے کہ نوجوان بولر نے موقع ملتے ہی اپنی صلاحیتوں کا واضح اظہار کردیا۔

شاہد شاہ آفریدی زمبابوے میں جاری ٹرائنگولر سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں پاکستان کی 45 رنز سے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، انھوں نے اپنے اسپیل کی دوسری ہی گیند پر ان فارم آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کو آؤٹ کرنے سمیت 37 بالز پر 3 وکٹیں لیں۔

’’ایکسپریس ٹریبیون‘‘ سے گفتگو میں عبدالرزاق نے شاہین کی بولنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ گذشتہ تین سیریز سے ٹیم کے ساتھ سفر کررہے تھے مگر اب ان کو موقع ملا جس سے انھوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا، وہ بھی کچھ ماہ قبل ہی 18 برس کے ہوئے ہیں مگر بولنگ کسی منجھے ہوئے بولر کی طرح کررہے ہیں یہ ان کی سخت محنت کا ثبوت ہے، وہ کافی باصلاحیت اور ذہین ہونے کے ساتھ بیٹسمین کو پریشان کرنے کا گر جانتے ہیں۔

عبدالرزاق نے کہا کہ شاہین شاہ نے وہی کیا جو ان سے کپتان چاہتے تھے، انھوں نے پاکستان ٹیم کے سب سے بڑے خطرے فنچ کو آؤٹ کیا اور میچ کا رخ بدل دیا۔ سابق آل راؤنڈر نے بیٹنگ لائن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کینگروز سے گذشتہ میچ میں پاکستانی بیٹسمین باؤنسرز سے ڈیل نہیں کرپائے تھے مگر اس بار انھوں نے زیادہ عمدگی سے سامنا کیا، خاص طور پر فخر زمان کی پرفارمنس شاندار رہی۔

نوجوان کھلاڑیوں کی ٹیم میں انٹری کے بارے میں عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ یہ اچھی بات ہے کہ نوجوان پلیئرز ٹیم میں آرہے اور پرفارم کررہے ہیں، صاحبزادہ فرحان نے ابھی صلاحیتوں کا اظہار نہیں کیا تاہم میں سمجھتا ہوں کہ وہ فائنل میں حارث سہیل کا اچھا متبادل ثابت ہوسکتا ہے۔