news
English

سہ ملکی ٹی 20 سیریز؛ پاکستان نے آسٹریلیا کو 45 رنز سے شکست دیدی

سیریز میں پاکستان، آسٹریلیا اور زمبابوے کی ٹیمیں شامل ہیں جب کہ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پہلے ہی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔

سہ ملکی ٹی 20 سیریز؛ پاکستان نے آسٹریلیا کو 45 رنز سے شکست دیدی PHOTO: AFP

سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 45 رنز سے شکست دیدی۔

زمبابوے کے شہر ہرارے میں کھیلے گئے سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 45 رنز سے شکست دیدی، پاکستان کے 195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ایرون فنچ اور آرسی شارٹ نے کیا۔ دونوں اوپنرز پراعتماد آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور صرف 29 کے مجموعی اسکور پر ایرون فنچ 16 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، تیسرے نمبر پر آنے والے کھلاڑی مائیکل ہیڈ بھی صرف 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ گلین میکس ویل کو شاہین آفریدی نے ایل بی ڈبلیو کیا، انہوں نے صرف 10 رنز بنائے۔

اوپنر آرسی شارٹ نے مزاحمت کی کوشش کی تاہم قومی ٹیم کے بولرز کی شاندار بولنگ کے باعث وہ بھی 28 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، الیکس سرے نے 37 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تاہم وہ ٹیم کو میچ جتانے میں ناکام رہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 149 رنز ہی بناسکی۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اور حارث سہیل اور فخرزمان نے کیا تاہم حارث سہیل بغیر کوئی رن بنائے دوسرے اوور میں آؤٹ ہوگئے جب کہ فخرزمان نے جارحانہ اننگز کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 73 رنز بنائے، فخرزمان کا ساتھ تیسرے نمبر پر آنے والے حسین طلعت نے دیا اور 30 رنز کی اننگز کھیلی تاہم 80 کے مجموعی اسکور پر وہ آؤٹ ہوگئے۔

کپتان سرفراز احمد زیادہ دیر آسٹریلوی بولرز کا مقابلہ نہ کرسکے اور صرف 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تاہم شعیب ملک اور آصف علی نے جارحانہ انداز اپنایا، شعیب ملک نے 15 گیندوں پر 27 جب کہ آصف علی نے 18 گیندوں پر 37 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔

واضح رہے کہ سیریز میں پاکستان، آسٹریلیا اور زمبابوے کی ٹیمیں شامل ہیں جب کہ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پہلے ہی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ زمبابوے اور پاکستان کے درمیان 2 میچز کھیلے گئے، پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 74 اور دوسرے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دی جب کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں گرین شرٹس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔