بطور کپتان بیٹنگ کارکردگی اچھی نہیں، سرفراز احمد کا اعتراف
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کوچ مکی آرتھر سے اختلافات کی تردید کردی۔
ابو ظہبی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں کارکردگی اچھی رہی اس کے باوجود نہ جیت سکے جس کا افسوس ہے، صرف ایک وکٹ مل جاتی تو میچ جیت سکتے تھے، اب دوسرے ٹیسٹ میں اچھی پرفارمنس دے کر میچ جیتیں گے۔
سرفراز احمد نے اعتراف کیا کہ بطور کپتان ان کی اپنی بیٹنگ کارکردگی اچھی نہیں، ابوظہبی ٹیسٹ میں اچھی اننگ کھیلنے کی کوشش کروں گا اور پرفارم کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف منگل سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں ان فٹ امام الحق کی جگہ فخر زمان کو پلیئنگ الیون میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، شاداب خان فٹ ہوگئے ہیں اور انہیں بھی 12 کھلاڑیوں میں شامل کرلیا گیا ہے۔
قومی کپتان نے کوچ مکی آرتھر سے اختلافات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کوچ اور کپتان میں اتفاق رائے ہے، جو ہونا تھا وہ ہوگیا اور اختلاف کی باتیں یہیں ختم ہوگئیں، ماضی کو چھوڑ کر آگے بڑھنا ہے اور اگلے میچ پر توجہ مرکوز کرنی ہے۔