news
English

شاداب خان نے قیادت کے سبب دباؤ کا تاثر رد کر دیا

پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے کم عمر کپتان 21 سالہ شاداب نے مزید کہا کہ 2بار کی چیمپئن ٹیم کی قیادت بڑے اعزاز کی بات ہے

شاداب خان نے قیادت کے سبب دباؤ کا تاثر رد کر دیا تصویر: اے ایف پی

شاداب خان نے قیادت کے سبب دباؤ کا تاثر رد کر دیا، ان کے مطابق گذشتہ ایڈیشن میں اس حوالے سے کافی تجربہ حاصل ہو چکا۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائیٹwww.cricketpakistan.com.pk کے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شاداب نے کہا کہ مجھے دنیا کی مختلف لیگز میں شرکت کا موقع ملا، پی ایس ایل کا معیار سب سے بہتر ہے، خاص طور پر بولنگ کا کوئی مقابلہ نہیں، ہر ٹیم میں 140 کلومیٹر سے زیادہ کی رفتار سے بولنگ کرنے والے پیسرز موجود ہیں،ایسا دیگر لیگز میں نظر نہیں آتا۔

پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے کم عمر کپتان 21 سالہ شاداب نے مزید کہا کہ 2بار کی چیمپئن ٹیم کی قیادت بڑے اعزاز کی بات ہے،گذشتہ ایڈیشن کے بعض میچز میں بھی کپتانی کا تجربہ حاصل ہوا تھا،اسی لیے کوئی اضافی دباؤ نہیں ہوگا۔

شاداب نے کہا کہ ہم ڈیل اسٹین کی اسلام آباد یونائیٹڈ میں شمولیت کے حوالے سے پُرجوش ہیں،پروٹیز پیسر ایک لیجنڈ کرکٹر ہیں، فہیم اشرف، عاکف جاوید اور موسٰی خان کو تجربہ کار بولر سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ تمام ٹیموں میں بہترین کرکٹرز شامل ہیں لیکن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی زیادہ مضبوط نظر آتی ہیں۔