news

شعیب اختر کا پہلی بار سامنا کرتے ہوئے کپکپی طاری ہوگئی تھی، تمیم

اپنے یوٹیوب چینل پر سابق کپتانوں نعیم الرحمان، خالد محمود اور حبیب البشر کے ساتھ بات چیت میں انہوں نے مختلف یادیں تازہ کیں

شعیب اختر کا پہلی بار سامنا کرتے ہوئے کپکپی طاری ہوگئی تھی، تمیم فوٹو: اے ایف پی

بنگلا دیشی اوپنر تمیم اقبال نے اعتراف کیا ہے کہ شعیب اختر کا پہلی بار سامنا کرتے ہوئے ان پر کپکپی طاری ہوگئی اور ایسا لگا تھا جیسے پاکستانی اسپیڈ اسٹار انھیں مار دیں گے۔

اپنے یوٹیوب چینل پر سابق کپتانوں نعیم الرحمان، خالد محمود اور حبیب البشر کے ساتھ بات چیت میں انہوں نے مختلف یادیں تازہ کیں۔ خالد محمود نے کہاکہ لوگ اس بات پر یقین نہیں کریں گے اگر میں کہوں کہ شعیب اختر نے جو پہلی گیند مجھے کی وہ نظر تک نہیں آئی تھی۔

اس پر تمیم نے کہا کہ یہ صرف آپ کے ساتھ نہیں بلکہ بہت سے لوگوں کے ساتھ ہوا، میں نے بہت سے فاسٹ بولرز کا سامنا کیا، ان میں سے بعض150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرتے تھے مگر جب پہلی بار میں نے شعیب اختر کا سامنا کیا تو مجھے محسوس ہوا جیسے وہ مجھے ماردیں گے، وہ کافی خطرناک تھے۔

واضح رہے تمیم نے شعیب اختر کا سامنا ایک مرتبہ کینیا میں ٹرائنگولر ٹورنامنٹ اور دوسری بار 2010 کے ایشیا کپ میں کیا تھا۔