news
English

ٹیم میں اتحاد کامیابی کی کنجی ہے، شاہد آفریدی

پرستاروں کی خواہش پر ٹوئنٹی 20 کیریئر کو طول دیا، آل راؤنڈر شاہد آفریدی

ٹیم میں اتحاد کامیابی کی کنجی ہے، شاہد آفریدی PHOTO: AFP

شاہد آفریدی نے ٹیم میں اتحاد کوکامیابی کی کنجی قرار دیدیا۔

سابق کپتان شاہد آفریدی نے امید ظاہر کی ہے کہ رواں سال آئی سی سی ورلڈکپ میں گرین شرٹس اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرینگے، cricketpakistan.com.pkکے سلیم خالق کو خصوصی انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ ٹیم میں اتحاد اور اتفاق کی فضا کامیابی کی کنجی ہے، کھلاڑیوں کو ایک یونٹ بن کر کھیلنا چاہیے، اچھے وقت میں توہرکوئی ساتھ دیتا ہے، برے وقت میں پلیئرز کو یکجا ہوکر رہنا چاہیے۔

آل راؤنڈر نے کہا کہ پی ایس ایل کی کامیابی پاکستان کرکٹ کیلیے بہت ضروری ہے، یہ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کیلیے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کررہی ہے، پی ایس ایل نے قومی ٹیم کوکئی کرکٹرز دیے ہیں، امید ہے کہ اس سال مزید ٹیلنٹ سامنے آئے گا اور پاکستان کو 3 یا 4ایسے کھلاڑی میسر آئیں گے تو طویل عرصہ تک ملک کی خدمت کرسکیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی پاکستان میں واپسی کا عمل تیزہوگیا جوکہ بڑی خوش آئند چیز ہے، بڑی مسرت کی بات ہے کہ اس بار ہم پی ایس ایل کے8 میچزکی ملک میں میزبانی کررہے ہیں،کراچی میں فائنل بڑا یادگار موقع تھا، اس کو ممکن بنانے کا کریڈٹ پی سی بی اور نجم سیٹھی کوجاتا ہے۔غیرملکی کرکٹرز سے بات ہوئی تو انھوں نے بھی انتظامات کوسراہا اورمیزبانی سے لطف اندوزہوئے، ایک اچھی چیز یہ ہے کہ ان کو معاوضوں کی ادائیگی بھی ہوجاتی ہے۔

پرستاروں کی خواہش پر ٹوئنٹی 20 کیریئر کو طول دیا، آل راؤنڈر شاہد آفریدی

شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پرستاروں کی خواہش پر ٹی ٹوئنٹی کیریئر کو طول دیا، انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد صرف لیگز کھیلنے والے آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ پرستاروں کیلیے کھیل رہا ہوں، وہ نہیں چاہتے کہ میں کرکٹ چھوڑ دوں، پہلے ہی اپنی سرگرمیاں محدودکرلی ہیں، کیریبیئن پریمیئرلیگ سمیت کئی لیگز میں شرکت کرتا تھا مگر اب چند ایک میں کھیلتا ہوں،بی پی ایل میں شریک ہوا،اس کے بعد پی ایس ایل کیلیے آگیا۔

کرکٹ زیادہ مسابقتی ہوتی جا رہی ہے، نوجوان کرکٹرز کیساتھ مقابلہ کرنا آسان نہیں رہا، ابھی مستقبل کا پلان تو نہیں کیا، تاہم جب تک فٹ ہوں اپنے پرستاروں کیلیے کھیلتا رہوں گا، حالیہ لیگز میں بہترین فارم اور فٹنس کا مظاہرہ کرنے والے شاہد آفریدی سے سوال کیا گیا کہ لوگ اب بھی آپ کو قومی ٹیم کی جانب سے ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ بہت کرکٹ کھیل لی،اب نوجوان کرکٹرز کو سامنے آنا چاہیے۔

آفریدی ہوم کراؤڈ کے سامنے ایکشن میں آنے کیلیے بے تاب

شاہد آفریدی ہوم کراؤڈ کے سامنے ایکشن میں آنے کیلیے بیتاب ہیں،فٹنس مسائل کی وجہ سے پی ایس ایل ٹو اور تھری کے پاکستان میں میچز نہ کھیل پانے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ اپنے پرستاروں کے سامنے نہ کھیل پانے پر مایوسی ہوئی، اس وقت فٹنس مسائل سے دوچار تھا، اس بار ہوم گراؤنڈز پر میچز کھیلنے کیلیے بیتاب ہوں۔امید ہے کہ ایک گروپ میچ کے بعد فائنل میں بھی کھیلنے کا موقع ملے گا۔

فاؤنڈیشن کو سپورٹ کرنے پر پرستاروں کا شکر یہ، آفریدی

شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کو سپورٹ کرنے پر پرستاروں کے شکرگزار ہیں، انھوں نے کہا کہ نیک کام میں اللہ تعالیٰ بھی مدد کرتا ہے، ایک مقصد ذہن میں رکھ کر کام شروع کیا تھا، پرستاروں اور عوام کا شکرگزار ہوں کہ انھوں نے بڑا سپورٹ کیا، سوشل میڈیا پران کے حوصلہ افزائی پرمبنی پیغامات پڑھتا رہتا ہوں،بہت زیادہ آگے کا پلان نہیں کرتا، ہر دن خوبصورت ہے، اس کواچھے طریقے سے گزارنا چاہیے۔