news
English

پی ایس ایل 6 میں جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے، وہاب ریاض

وہاب ریاض نے کہا کہ ہم پرانی غلطیاں اب نہیں دہرائیں گے

پی ایس ایل 6 میں جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے، وہاب ریاض فوٹو: پی ایس ایل

پشاورزلمی اور لاہور قلندرز کے کپتانوں نے پی ایس ایل 6  میں بہترین کارکردگی دکھانے اور اچھے نتائج فراہم کرنے کے عزائم ظاہر کردیے۔

پشاورزلمی کے کپتان وہاب ریاض  نے ورچوئل پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہفتے سے شروع ہونے والے لیگ میں جارحانہ طرز کی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے، نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل بہترین کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور کوشش کریں گے کہ بہترین نتائج دیں۔

وہاب ریاض نے کہا کہ ہم پرانی غلطیاں اب نہیں دہرائیں گے، ہم پانچوں سیزن میں پلے آف تک پہنچے ہیں،کھلاڑیوں کو ان کے کردار بتادیے، کامران اکمل ہمارے مین وکٹ کیپر ہیں، امام الحق کو ہم سیکنڈ وکٹ کیپر کے طور پر تیار کررہے ہیں، ماضی میں ہماری مڈل آرڈر بیٹنگ میں شاہد خان آفریدی، ڈیرن سیمی اور پولارڈ جیسے کھلاڑی شامل تھے،اب خاص طور پر کامران اکمل، روی بھوپارا اور شعیب ملک سے بہت توقعات ہیں۔

پشاور زلمی کے کپتان نے کہا کہ ڈیوڈ ملر، رتھر فورڈ اور عمران بٹ سے بھی اچھی توقعات وابستہ ہیں، پاکستان سے کھیلنا اولین ترجیح ہوتی ہے، قومی ٹیم میں شامل نہ ہونے کا افسوس ہے، قومی اسکواڈ میں شامل نہ ہونے پر دل دکھتا ہے اور تکلیف ہوتی ہے تاہم اس وقت میری توجہ پی ایس ایل پر ہے، پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی سے ٹیم میں واپسی ہو سکتی ہے، پشاور زلمی کو خیرباد کہہ کر اسلام آباد  یونائیٹڈ کا حصہ بننے والے فاسٹ بولر حسن علی کے لیے نیک خواہشات ہیں، عماد بٹ اور عرفان  سینئر ان کا خلاء پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔

دوسری طرف لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اخترنے ورچوئل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل 6 میں اچھے نتائج کے لیے تیار ہیں، راشد خان کے آنے سے ہماری اسپن بولنگ مضبوط ہوئی ہے،ہماری اسپن بولنگ میں تجربہ کی کمی تھی، ہماری تیاری مکمل ہے،کھلاڑی فارم میں ہیں،فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی پاکستان کا اثاثہ ہیں، کوشس کرین گے  شاہین شاہ  پر لوڈ کم ڈالا جائے، محمد حفیظ ہمارے مین کھلاڑی ہیں، حفیظ کی حالیہ  اچھی کارکردگی  کا فائدہ ہوگا، اس بار ہم بہتر پلاننگ سے آئیں گے۔