ہیڈ کوچ کے فرائض کی انجام دہی کے دوران ٹیموں کے انتخاب میں مقامی زونل سطح پر پڑنے والے دبائو سے انتہائی نالاں تھے۔
پی سی بی کی کراچی میں ریجنل کرکٹ اکیڈمی کے سربراہ سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم کے بعد کراچی میں بورڈ کے ہیڈ کوچ سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر سلیم جعفر بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کے ساتھ 13 برس سے زائد مدت وابستہ رہنے والے سلیم جعفرکراچی میں ہیڈ کوچ کے فرائض کی انجام دہی کے دوران ٹیموں کے انتخاب میں مقامی زونل سطح پر پڑنے والے دبائو سے انتہائی نالاں تھے۔
ماضی میں قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن کی ذمہ داری بھی ادا کرنے والے سلیم جعفر ان دنوں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری جونیئر اکیڈمی میں ہیڈ کوچ کے فرائض انجام دے رہے ہیں، قوی امکان ہے کہ پی سی بی سے فارغ ہونے والے سلیم جعفر حبیب بینک کی کرکٹ ٹیم کے ساتھ بحیثیت ہیڈکوچ منسلک ہوجائیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم نے بھی نیشنل اسٹیڈیم میںکام کرنے والی پی سی بی کی حنیف محمد ریجنل اکیڈمی کے ڈائریکٹر آپریشنزکے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا، گزشتہ شب ان کے اعزاز میں الوادعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، اقبال قاسم نے ایک مرتبہ پھر اپنے سابقہ ادارے این بی پی میں ڈویژنل ہیڈ اسپورٹس کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔