news
English

سہ ملکی سیریز؛ ٹرافی کے لیے فیصلہ کن جنگ آج چھڑے گی

پاکستانی وقت کے مطابق میچ دوپہر 1 بجے کھیلا جائے گا۔

سہ ملکی سیریز؛ ٹرافی کے لیے فیصلہ کن جنگ آج چھڑے گی PHOTO: AFP

سہ ملکی سیریز میں ٹرافی کیلیے فیصلہ کن جنگ آج چھڑے گی۔

ہرارے میں جاری ایونٹ میں پاکستان اور آسٹریلیا کا سفر ایک جیسا ہی رہا ہے، دونوں نے کمزور زمبابوے پر ہاتھ صاف کیا،پہلے باہمی مقابلے میں کینگروز نے گرین شرٹس کو تینوں شعبوں میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی،اسٹین لیک نے بیٹنگ کو تہس نہس کیا تو بولرز ایرون فنچ کے سامنے بے اثر نظر آئے۔

دوسرے میچ میں سرفراز الیون نے یکطرفہ مقابلے میں کامیابی حاصل کی،فخرزمان نے اسٹین لیک کے حربے ناکام بنائے، آصف علی سمیت دیگر بیٹسمینوں نے بھی بہتر ٹوٹل میں اپنا حصہ ڈالا،بولرز میں شاہین آفریدی نے ایرون فنچ سمیت پاور ہٹرز کو قابو کرتے ہوئے پاکستان کیلیے آسان فتح کا راستہ بنا دیا،اس فتح کی بدولت گرین شرٹس نے اعتماد کی بحالی کے ساتھ عالمی رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن بھی مستحکم کرلی۔

دوسری جانب زمبابوے کیخلاف آخری لیگ میچ میں بھی ایرون فنچ کارکردگی میں تسلسل برقرار نہ رکھے پائے، ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آخری اوور میں کامیابی کینگروز کے شایان شایان نہیں تھی،دونوں ٹیموں کی باہمی میچز میں کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کسی ایک کو فیورٹ قرار نہیں دیا جا سکتا، بال ٹیمپرنگ کیس میں سزا پانے والے ڈیوڈ وارنر اور اسٹیون اسمتھ کی خدمات سے محروم آسٹریلوی ٹیم ایرون فنچ کی جانب سے بہتر کارکردگی کی امیدیں لگائے بیٹھی ہوگی۔

تجربہ کار گلین میکسویل  اور ٹریوس ہیڈ کو بھی ان کا ساتھ دینا ہوگا، شاہین شاہ آفریدی کی زبردست فارم اور محمد عامر کے ردھم میں آنے سے پاکستان ابتدا میں ہی کینگروز کو کاری ضربیں لگانے کیلیے بے تاب ہے،معاونت کیلیے عثمان شنواری یا حسن علی میں سے کوئی ایک موجود ہوگا، اسپن کا شعبہ شاداب خان سنبھالیں گے۔

محمد حفیظ کے بعد حارث سہیل کو بطور اوپنر آزمانے کا تجربہ بھی ناکام ہونے کے بعد پاکستان نے ایک تبدیلی کا فیصلہ کرلیا،صاحبزادہ فرحان ڈیبیو کریں گے، ان فارم فخرزمان کی اننگز بدستور اہم ہوگی، شعیب ملک اور آصف علی کی جارحانہ بیٹنگ بڑے ٹوٹل کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔

ہفتہ بھر میچز جاری رہنے کی وجہ سے پچ کے سلو اور اسپنرز کیلیے سازگار ہونے کی توقع ہو رہی ہے،اس صورتحال میں شاداب خان کے ساتھ تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک کی بولنگ بھی اہم ہوگی۔