news
English

آسٹریلیا سے سیریز؛ محمد حفیظ اور امام الحق سے اوپننگ کرانے پر غور

پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان2 ٹیسٹ کی سیریز کا آغاز اتوار سے دبئی میں ہوگا،

آسٹریلیا سے سیریز؛ محمد حفیظ اور امام الحق سے اوپننگ کرانے پر غور PHOTO: AFP

پاکستان ٹیم مینجمنٹ آسٹریلیا کیخلاف محمد حفیظ اور امام الحق کی اوپننگ جوڑی کو میدان میں اتارنے پر غور کرنے لگی۔

پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان2 ٹیسٹ کی سیریز کا آغاز اتوار سے دبئی میں ہوگا، آل رائونڈر محمد حفیظ ابتدائی اسکواڈ میں شامل نہ تھے، مگر سلیکٹرز نے اپنے سابقہ فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے انھیں یو اے ای بھیج دیا،انھوں نے گزشتہ روز ٹیم کو جوائن بھی کر لیا۔

ذرائع نے بتایا کہ سیریز میں امام الحق کے ساتھ حفیظ کو ہی بطور اوپنر میدان میں اتارنے کی تجویز زیرغور ہے، اس صورت میں اظہر علی تیسرے، اسد شفیق چوتھے اور بابراعظم پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرینگے،اس سے قبل رواں برس دورئہ برطانیہ میں امام الحق اور اظہر علی نے اوپننگ کی تھی، البتہ یہ جوڑی زیادہ کامیاب ثابت نہیں ہو سکی تھی، آئرش ٹیم کے اولین ٹیسٹ میں پاکستان کو13 اور2رنز کا ہی آغاز مل سکا۔

امام الحق نے دوسری اننگز میں 74 رنز بنائے، انگلینڈ سے لارڈز ٹیسٹ میں اوپنرز صرف 12 اور 12 رنز ہی جوڑ سکے، اظہر علی نے پہلی باری میں ففٹی بنائی، لیڈز ٹیسٹ میں0اور20رنز پر ہی گرین کیپس نے ابتدائی وکٹ گنوائی، یوں 6 اننگز میں بہترین اوپننگ شراکت 20رنز کی تھی، اسی لیے ٹیم مینجمنٹ دیگر آپشنز دیکھنے پر مجبور ہوئی۔

واضح رہے کہ 37 سالہ محمد حفیظ2 سال سے زائد عرصے بعد ٹیسٹ میں حصہ لیں گے، آخری بار انھوں نے انگلینڈ کیخلاف برمنگھم ٹیسٹ میں  حصہ لیا مگربطور اوپنر صفر اور2 رنز پر وکٹ گنوا دی تھی، وہ اب تک 50 ٹیسٹ میں3452 رنز بنانے کے ساتھ52 وکٹیں بھی لے چکے ہیں۔

دوسری جانب پاکستانی ٹیم دبئی کی سخت گرمی سے بھی پریشان ہے، گزشتہ روز کھلاڑیوں نے جب پریکٹس کی تو درجہ حرارت 40 سے بھی زائد تھا،محمد حفیظ چونکہ تاخیر سے دبئی پہنچے تھے اس لیے آرام کو ترجیح دی، البتہ وہ بدھ کو پریکٹس کریں گے۔