سرفراز احمد نے کہا کہ ابتدا میں بولرز نے کینگروز کو روکا اور پھر فخرزمان اورشعیب ملک نے میچ کا شاندار اختتام کیا
قومی کپتان سرفراز احمد نے ٹرائنگولر ٹی 20 کرکٹ سیریز میں ٹائٹل فتح کا کریڈٹ بولرز کو دے دیا، انھوں نے کہاکہ آسٹریلیا کیخلاف فائنل میں کامیابی ٹیم کاوش کا نتیجہ رہی۔
سرفراز احمد نے کہا کہ ابتدا میں بولرز نے کینگروز کو روکا اور پھر فخرزمان اورشعیب ملک نے میچ کا شاندار اختتام کیا، اگرچہ اس مقابلے میں ہماری ٹیم سے کچھ کیچز بھی ڈراپ ہوئے لیکن ہم دوسری اننگزمیں مومنٹم پانے میں کامیاب ہوگئے، فخر نے پورے ایونٹ میں شاندار بیٹنگ کی اورشعیب ملک نے بھی عمدہ کھیل پیش کیا، فتح کا کریڈٹ کھلاڑیوں اور منیجمنٹ کو جاتا ہے۔
دوسری جانب فخر زمان نے کہا کہ ہرارے میں جس طرح پہلے میچ سے ہمیں وکٹ ملی وہ بہت اچھی تھی، میں ایسی وکٹوں کو پسند کرتا ہوں، میری فارم رہی میں یہاں پر 2016 میں بھی کھیل چکا تھا، اس وقت یہاں کی وکٹیں اتنی اچھی نہیں تھیں، نیٹ پر سخت محنت بنیادی چیز ہے، میں نے آغاز پر وکٹ پر قیام کیا اور پھر اپنا قدرتی کھیل پیش کیا۔
ادھر آسٹریلوی اوپنر ایرون فنچ نے کہا کہ میرے خیال میں ہمیں اسکور بورڈ پر 200 کے قریب مجموعہ ترتیب دینا چاہیے تھا لیکن پھر ہماری وکٹیں گر پڑیں، پاکستان ٹیم نے اچھا کھیل پیش کیا، ہم نے بولنگ میں عمدہ شروعات کی تھی لیکن فخرزمان نے شاندار اننگز کھیل ڈالی، ٹوئنٹی 20 گیم میں 90 سے زائد رنز بناناآسان نہیں ہوتا۔