news
English

آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے پاکستان نے 12کھلاڑیوں کا انتخاب کرلیا

دبئی میں کپتان سرفراز احمد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پچ کو دیکھتے ہوئے وہاب ریاض اور میر حمزہ میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں گے

آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے پاکستان نے 12کھلاڑیوں کا انتخاب کرلیا PHOTO: AFP

کینگروز کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلیے پاکستان نے 12 کھلاڑیوں کا انتخاب کرلیا ہے۔

منتخب کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، امام الحق،اظہر علی،حارث سہیل، اسد شفیق،بابر اعظم، سرفراز احمد،یاسر شاہ، بلال آصف،محمد عباس، وہاب ریاض اور میر حمزہ شامل ہیں۔

دبئی میں کپتان سرفراز احمد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پچ کو دیکھتے ہوئے وہاب ریاض اور میر حمزہ میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں کارکردگی ماضی کی بات ہوگئی، آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ نیا میچ اور نیا چیلنج ہوگا،ہمیں طویل فارمیٹ کے مزاج کو پیش نظر رکھتے ہوئے مثبت کرکٹ کھیلنا ہوگی، یواے ای میں کینگروز کیخلاف گزشتہ سیریز میں پاکستان کو مصباح الحق اور یونس خان کی خدمات حاصل تھیں،اس بار نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر انحصار کرنا ہوگا،مہمان ٹیم کو کمزور خیال نہیں کیا جاسکتا ہمیں بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی،امید ہے کہ سیریز جیتنے میں کامیاب ہون گے۔