news
English

ڈومیسٹک سسٹم؛ بورڈ نے وزیر اعظم سے ملاقات کا وقت مانگ لیا

پی سی بی نے8ریجنز پر مشتمل ڈومیسٹک سسٹم کی منظوری کیلیے وزیر اعظم سے ملاقات کا وقت مانگ لیا۔

ڈومیسٹک سسٹم؛ بورڈ نے وزیر اعظم سے ملاقات کا وقت مانگ لیا PHOTO: AFP

پاکستان کرکٹ بورڈ نے8ریجنز پر مشتمل نئے ڈومیسٹک سسٹم کا منصوبہ تیار کیا ہے،اس کی منظوری کیلیے سرپرست اعلیٰ وزیر اعظم عمران خان سے میٹنگ کا وقت مانگ لیا گیا، چیئرمین احسان مانی اپنے ہمراہ ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید کو بھی لے کر جائیں گے، اگر عمران خان نے تجاویزکومنظور کر لیا تو اس حوالے سے مزید تفصیلات طے کی جائیں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ دنوں لاہور میں  ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا، اس میں احسان مانی و دیگر بورڈ حکام کے ساتھ ٹاسک فورس کے سربراہ  (ر) لیفٹیننٹ جنرل  مزمل حسین نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر نئے ڈومیسٹک کرکٹ نظام پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا، 8 ریجنز کی شمولیت اور انھیں ڈپارٹمنٹس سے اسپانسر کرانے کی تجویزپر بورڈ کا پہلے ہی اتفاق ہوچکا۔

میٹنگ میں یہ طے پایا کہ پہلے وزیر اعظم عمران خان سے اس کی منظوری لی جائے، پھر دیگر تفصیلات طے ہوں گی، ابھی ایسا نہ ہو کہ پی سی بی پورا پلان بنا لے اور سرپرست اعلیٰ اسے شرف قبولیت نہ بخشیں، اس حوالے سے وزیر اعظم سے ملاقات کیلیے وقت مانگ لیا گیا، وہاں سے منظوری ملنے کے بعد نئے نظام کی دیگر تفصیلات طے کی جائیں گی۔ بورڈ کا اس پر جلد عمل درآمد کا ارادہ بھی ہے۔

دوسری جانب مجوزہ سسٹم  پر ڈومیسٹک کرکٹرز میں بے چینی پائی جاتی ہے، انھیں اس سے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے،گوکہ پی سی بی کا دعویٰ ہے کہ ایسا نہیں ہو گا تاہم فی الحال مزید تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔