news
English

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو با آسانی شکست دیدی

ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں گلیڈی ایٹرز کے 181 رنز کے جواب میں یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ہوگئی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو با آسانی شکست دیدی PHOTO: PCB

پی ایس ایل کے 26 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 43 رنز سے شکست دے دی۔

ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں گلیڈی ایٹرز کے 181 رنز کے جواب میں یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ہوگئی، اس کے 8 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے، یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 کٹوں پر 137 رنز ہی بنا سکی، رونکی نے سب سے زیادہ 64 رنز بنائے جب کہ ڈیپلورٹ 24، سالٹ 2، آصف علی صفر، پٹیل 14، رضوان حسین 7، فہیم اشرف 2، شاداب خان 8 اورعماد بٹ صفر پر آؤٹ ہوئے، ظفر گوہر 9 اور محمد سمیع 1 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فواد احمد نے 3، سہیل تنویر اور محمد حسنین نے 2،2 محمد نواز اور براؤو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔گلیڈی ایٹرز کےٹاپ آڈرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑا ٹوٹل دینے میں اہم کردار ادا کیا، گلیڈی ایٹرز نے  مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 180 رنز بنائے۔

اوپنر احمد شہزاد نے دھواں دھار بیٹنگ کی 46 گیندوں پر 73 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہےجب کہ عمراکمل نے 27 اور روسو نے 23 رنز بنائے،شین واٹسن 15،اعظم خان 12،براوو صفر، سرفراز احمد1،سہیل تنویر اور فواد احمد صفر صفر پر پویلین لوٹے جب کہ محمد نواز 15 اور محمد حسنین صفر پر ناٹ آؤ ٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے 4،عماد بٹ نے 3، پٹیل اور ظفر گوہر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔