بابر اعظم ایک سال میں 1000 رنز بنانے کا جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑ کر سرِ فہرست آگئے
قومی ٹیم میں شامل بابر اعظم نے اپنی برق رفتار بلے بازی سے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ جس کے بعد بابر اعظم ملک کے تیز رفتار ترین بیٹسمین بن گئے ہیں۔ انہوں نے ایک سال میں 1000 رنز اسکور کرکے جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑ دیا۔ سابق لیجنڈری بیٹسمین جاوید میانداد نے ایک سال میں ایک ہزار رنز بنانے کا سنگِ میل 21 اننگز میں عبور کیا تھا جبکہ بار اعظم نے تابڑ توڑ بلے بازی کرتے ہوئے صرف 19 اننگز میں یہ سنگِ میل عبورکیا ہے۔
یہ ریکارڈ بنانے کے بعد بابر اعظم پاکستان کے مایہ ناز بلے بازوں کی فہرست میں آگئے ہیں۔ جہاں محمد یونس، مصباح الحق، سعید انور اور انضمام الحق جیسے بڑے بلے باز موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امام الحق شائقین کی رائے نہ بدل پانے پر افسردہ
اس شاندار کارنامے کے بعد بابر اعظم آئی سی سی کی ٹی 20 انٹرنیشنل رینکنگ میں پہلے جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل کی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
بابر اعظم اب تک 72 ون ڈے انٹرنیشنل اور 30 ٹی 20 میچز میں اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرچکے ہیں- ون ڈے انٹر نیشنل میں ان کی بلے بازی کا اوسط 53 اعشاریہ 55 فیصد اور ٹی 20 میں 54 اعشاریہ 21 فیصد رہا ہے۔